ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اکتوبر 22 کو ہوگا بھٹکل میونسپالٹی کے صدر و نائب صدر کا انتخاب؛ کون ہوگا صدر اور نائب صدر

اکتوبر 22 کو ہوگا بھٹکل میونسپالٹی کے صدر و نائب صدر کا انتخاب؛ کون ہوگا صدر اور نائب صدر

Thu, 15 Oct 2020 20:40:46    S.O. News Service

بھٹکل 15 اکتوبر (ایس او نیوز) تحصیلدار کی طرف سے ٹاون میونسپل    کاونسلرس کے نام جاری سرکیولر کے مطابق بھٹکل ٹاؤن میونسپالٹی کی نو ویں میقات کے لئے صدر اور نائب صدر کا انتخاب  22اکتوبر کو کاونسلرس کی میٹنگ میں  کیا جائے گا۔

سرکیولر میں بیان کردہ شیڈول کے مطابق صدر و نائب صدر کے عہدے کیلئے امیدواروں کی طرف سے نامزدگی فارم 22 اکتوبر کوصبح 10سے 11.30بجے کے درمیان داخل کیے جاسکیں گے۔نامزدگی فارمس کی جانچ پڑتال اور نام واپس لینے کا وقفہ ختم ہونے کے بعد انتخاب عمل میں آئے گا۔

خیال رہے کہ ان دونوں عہدوں کے لئے پہلے ریزرویشن کیا گیا تھا جو بعد میں منسوخ ہوگیا جس کے بعد اب  اسے عام زمرے میں رکھا گیا ہے۔

صدر اور نائب صدر کے عہدہ کےلئے کون کون ہیں میدان میں:  بھٹکل میونسپالٹی کی جملہ 23 کونسلروں میں  تین چار کونسلروں کو چھوڑ کر باقی زیادہ تر کونسلرس قومی سماجی ادارہ مجلس اصلاح و تنظیم کی حمایت سے جیتنے میں کامیاب ہوئے ہیں، تنظیم کی حمایت  میں جیت حاصل کرنے والوں میں 16 کونسلرس مسلم ہیں۔ چونکہ میونسپالٹی میں تنظیم کے حمایتی کونسلرس   کی اکثریت پائی جاتی ہے، اس  بنا پر یہ کہا جاسکتا ہے کہ صدر اور نائب صدر کے عہدوں کے لئے تنظیم جس کا انتخاب کرے گی، وہی ان سیٹوں کا حقدار ہوگا۔

ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ صدر اور نائب صدر کے عہدوں کے لئے تنظیم کی انتظامیہ  میں ووٹنگ کے ذریعے فیصلہ کیا جاتا ہے  جس میں  کونسلروں کو بھی ووٹ دینے کا اختیار ہوتا ہے۔ پتہ چلا ہے کہ عام طور پر  میونسپالٹی میں انتخابات کی تاریخ سے ایک دن پہلے  تنظیم میں اراکین انتظامیہ سمیت کونسلروں کی میٹنگ میں صدر اور نائب صدر کے تعلق سے میٹنگ منعقد کی جاتی ہے جس میں حتمی فیصلہ ہوتا ہے۔

یاد رہے کہ ریاست میں اس وقت بی جے پی کی حکومت ہے، اسی طرح بھٹکل اسمبلی حلقہ کا ایم ایل اے اور  کینرا لوک سبھا کا ایم پی بھی بی جے پی سے ہے، ایسے میں تنظیم کے لئے ضروری ہے کہ وہ ایسے کونسلر کو صدر کے عہدہ پر بٹھائے جو  قانونی داو پیچ سے بخوبی واقف ہو اور وہ مسلم غیر مسلم تمام لوگوں کو  اپنی سمجھ بوجھ اور قابلیت کے بل بوتے پر  ایک ساتھ سنبھال کر  آگے بڑھانے  کے گُرجانتا ہو۔ بھٹکل جسے   فرقہ وارانہ طور پرحساس شہر گردانا جاتا ہے،  تنظیم کے لئے ضروری ہے کہ صدر کے لئے ایسے شخص کا انتخاب  کرے جو تعلقہ سمیت ضلع کے سرکاری آفسران کے ساتھ قانون اور ضابطے کی جانکاری  اور کسی بھی قسم کے دباو میں آئے بغیر پوری ہمت اور حکمت کے ساتھ  تنظیم کے فیصلوں کو  منوانے کا ہنر جانتا ہو۔

پتہ چلا ہے کہ میونسپالٹی کے صدر کے اہم عہدہ کے لئے میونسپالٹی کے سابق صدر قاسمجی پرویز کا نام سرفہرست ہے،  البتہ اس ریس میں سنئیر کونسلر محی الدین الطاف کھروری،  قیصر محتشم اور عبدالروف نائطے بھی شامل ہیں۔ اسی طرح نائب صدر کے عہدہ کے لئے بھی عبدالروف نائطے کا نام سننے میں آیا ہے جو پانچویں میعاد میں کونسلر منتخب ہوئے ہیں اور ان  کو میونسپالٹی میں 20 سالوں سے  کام کرنے  کا تجربہ حاصل ہے،  پتہ چلا ہے کہ نائب صدر کی دوڑ میں  پہلی بار  کونسلر منتخب ہونے والے عبدالعظیم محتشم اور اسماعیل اِمشادبھی شامل ہیں۔  اس بار 9  مسلم خواتین بھی پہلی مرتبہ میونسپل کونسلرس منتخب ہوئی ہیں جن  میں کئی تجربہ کار ٹیچرس بھی    ہیں، جو سماجی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی   رہی ہیں، تنظیم  کے ذمہ داران   اُن میں سے بھی کسی ایک کا انتخاب نائب صدر کے لئے کرسکتے ہیں۔

پتہ چلا ہے کہ ابھی تک تنظیم میں میونسپالٹی صدر اور نائب صدر کے تعلق سے فیصلہ لینے  کسی میٹنگ کا انعقاد نہیں ہوا ہے، توقع ہے کہ اگر 22 اکتوبر کو میونسپالٹی میں  صدر اور نائب صدر کا انتخاب ہوگا تو ایک دن قبل یعنی 21 اکتوبر کو تنظیم میں میٹنگ رکھی جاسکتی ہے جس میں دونوں عہدوں کے تعلق سے حتمی فیصلہ ہوگا۔


Share: